کیف: (دنیانیوز) یوکرینی صدر ولادی میرزلنسکی نے کہا ہے کہ کوئی بھی ہمارا ساتھ دیتا نظر نہیں آ رہا، یوکرین کو روس سے لڑنے کیلئے اکیلا چھوڑ دیا گیا ہے۔ دشمن کا پہلا ہدف میں اور میرا خاندان ہے، ان کا مقصد ہمارے ملک کو سیاسی طور پر بھی تباہ کرنا ہے۔
یوکرین کے صدر نے روس کے خلاف ساری فوج کوحرکت میں آنے کا حکم دے دیا ہے، اٹھارہ سے ساٹھ سال کے مردوں پر ملک چھوڑنے پر پابندی بھی عائد کر دی گئی۔ امریکہ نے ملک چھوڑنے والے یوکرینی باشندوں کو پناہ دینے کی حامی بھرلی۔
اُدھر روس نے بحیرہ اسود میں یوکرین کے جزیرہ زمینی اور سنیک پر قبضہ کر لیا، لڑائی میں 13 یوکرینی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ یوکرین پر روسی حملے میں تاحال 137 افراد مارے گئے، 300 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ روس کا فوجی طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث ملک کے جنوبی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔ یوکرینی اہداف پر بیلسٹک اور کروز میزائل سے حملے جاری ہیں، ایئر بیس پر کنٹرول کے لیے کیف کے مضافات میں گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔