پارٹی گیٹ سکینڈل، برطانوی وزیراعظم کے 4 قریبی ساتھیوں نے استعفی دیدیا

Published On 04 February,2022 12:47 pm

لندن: (ویب ڈیسک) پارٹی گیٹ سکینڈل پر مشکلات میں گھرے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے 4 قریبی ساتھیوں نے استعفی دے دیا، اپوزیشن سمیت حکمران پارٹی کے ارکان وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مستعفی ہونے والوں میں بورس جانسن کے چیف آف سٹاف ڈین روزن فیلڈ، ہیڈ آف پالیسی منیرہ مرزا، پرنسپل پرائیوٹ سیکرٹری مارٹن رینلڈز اور کمیونیکیشن ڈائریکٹر جیک ڈوئیل شامل ہیں۔ برطانوی وزیراعظم کورونا لاک ڈاون کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے سرکاری رہائش گاہ پر پارٹیاں منعقد کرتے رہے، معاملہ سامنے آنے پر انہیں شدید عوامی غم و غصے کا سامنا ہے۔

برطانوی وزیراعظم لاک ڈاون کی خلاف ورزی پر پارلیمنٹ میں معذرت بھی کر چکے ہیں مگر معاملہ ٹلنے میں نہیں آ رہا۔ اپوزیشن کے علاوہ حکمران جماعت کے بعض اراکین بھی ان سے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر کیئر سٹارمر یہاں تک کہہ چکے ہیں کہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن میں شرم نہیں، وہ استعفی نہیں دیں گے۔