کورونا ویکسین نہ لگوانے والے جیل جانے یا ملک بدری کیلئے تیار رہیں: فلپائنی صدر

Published On 22 June,2021 06:57 pm

منیلا : (ویب ڈیسک) فلپائن کے صدر روڈریگو دوتیرتے نے سنگین نتائج کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا ویکسین نہ لگوانے والے جیل جانے یا ملک بدری کے لیے تیار رہیں۔

خیال رہے کہ فلپائن کورونا وبا کا بدترین شکار ہونے والے ایشیائی ممالک میں شامل ہے جہاں متاثرین کی تعداد 13 لاکھ اور اموات 23 ہزار سے تجاوز کرچکی ہیں۔

صدر دو تیرتے جو اپنے غصیلے اور انتباہی انداز میں بیانات کی وجہ سے مشہور ہیں نے ٹی وی پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ کورونا ویکسین نہ لگوانے والے لوگ ہی اصل میں وبا پھیلانے کا سبب بنتے ہیں۔ ایسے لوگوں کو یا تو ملک چھوڑ دینا چاہیے ورنہ ان کا ٹھکانہ جیل ہوگی۔

منیلا میں ویکسینیشن مراکز پرشہریوں کی معمولی تعداد کی آمد پر بات کرتے ہوئے صدر دو تیرتے نے کہا کہ ویکسین نہ لگوانے والے جیل جانے کے لیے تیار ہو جائیں۔ فلپائنی عوام کو ویکسین اور جیل یا ملک بدری میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ ویکسن سے انکار کرتے ہیں تو فلپائن چھوڑ دیں۔ وہ صوبوں کے گورنروں کو حکم دیں گے کہ وہ ویکسین کا انکار کرنےوالوں کی فہرست تیار کریں تاکہ ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔

فلپائنی محکمہ صحت کے حکام کا موقف صدر دوتیرتے کے موقف سے مختلف ہے۔ صحت سے متعلق حکام کا کہنا ہے کہ کرونا ویکسین لگوانے کے لیے کوئی زبردستی نہیں کی جا رہی ہے بلکہ یہ ایک رضاکارانہ مہم ہے جس میں حصہ لینے کے لیے شہریوں کو ترغیب دی جا رہی ہے۔