جدہ: (دنیا نیوز) اسلامی تعاون تنظیم کے آزاد مستقل انسانی حقوق کمیشن نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں تین مزدوروں کے ماورائے عدالت قتل کی شدیدم ذمت کی ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم کے انسانی حقوق کے ادارے نے قابض بھارتی فوج کی طرف سے ہلاکتوں کی مذمت کی جن کا اعتراف بھارتی فوج نے بھی کیا ہے کیونکہ بھارتی فوج کے خصوصی اختیارات کے کالے قانون سے زیادتیوں میں اضافہ ہوا ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم کے انسانی حقوق کمیشن نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ ماورائے عدالت قتل اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لئے اقوام متحدہ کے تحت انکوائری کمیشن قائم کیا جائے۔
کمیشن نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ مسلح افواج کے خصوصی اختیارات کے قانون اور تحفظ عامہ ایکٹ کو ختم کیا جائے اور اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کاحق خود ارادیت دیا جائے۔