سرینگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر وادی میں آج مکمل ہڑتال ہے۔ گزشتہ روز بھارتی فوج نے درندگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خاتون سمیت 4 کشمیریوں کو شہید کر دیا تھا۔
حریت کانفرنس کی اپیل پر نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے بھی کئے جائیں گے۔ حریت رہنماؤں اور دیگر تنظیموں نے سرینگر میں بھارتی بربریت کی شدید مذمت کی ہے۔ حریت کانفرنس نے معصوم کشمیریوں کی شہادت کو گھناؤنی کارروائی قرار دیتے ہوئے ان واقعات کی بین الاقوامی ایجنسی سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
گزشتہ روز قابض بھارتی فوج نے سرینگر کے علاقے بٹ مالو میں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں 45 سالہ خاتون سمیت 4 افراد کو شہید کر دیا تھا۔ غاصب فوج نے گھرگھر تلاشی کے دوران مظلوم کشمیریوں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ واضح رہے کہ علاقے میں انٹرنیٹ کی سروس بھی معطل ہے جبکہ وادی میں پہلے ہی ایک سال سے زائد عرصے سے لاک ڈاون کیا گیا ہے جس سے کشمیری مسلمان جیل جیسی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔