تہران: (دنیا نیوز) ایرانی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن نے یوکرائنی مسافر طیارہ تباہ ہونے کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ واقعہ انسانی غلطی کے سبب پیش آیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ریڈار کی غلط الائنمنٹ کے باعث طیارے کی غلط شناخت ظاہر ہوئی۔ ڈیفنس آپریٹر نے کمانڈ سینٹر کی منظوری کے بغیر دو میزائل فائر کئے۔
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ریڈار کی الائنمنٹ کے وقت ہدایات پر عمل نہیں کیا گیا جس کے باعث سسٹم میں 107 ڈگری کا ایرر آیا۔ اس ایک غلطی کے باعث غلطیوں کی زنجیر بنتی گئی۔ مسافر طیارے سے متعلق ریڈار سسٹم پر آپریٹر کو غلط شناخت ظاہر ہوئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈیفنس یونٹ آپریٹر نے کوآرڈینیشن سینٹر سے منظوری کے بغیر طیارے پر 2 میزائل داغے۔ پہلا میزائل لگنے کے باوجود ہدف کو حرکت میں دیکھ کر 30 سیکنڈ بعد دوسرا میزائل بھی داغا گیا۔
یاد رہے کہ یہ واقعہ واقعہ 8 جنوری کو پیش آیا تھا۔ جب ایرانی جنرل قاسم سلیمانی پر حملے کے جواب میں تہران نے عراق میں واشنگٹن کے فوجی اڈے پر بیلسٹک میزائل داغے۔ امریکا کے جوابی حملے کے خدشے کے باعث ایرانی فورسز ہائی الرٹ تھیں۔ تہران نے یوکرائنی طیارے کو امریکی کروز میزائل کے شبہ میں نشانہ بنایا تھا۔