امریکا میں کورونا سے مزید 2200 ہلاکتیں، تعداد 64 ہزار کے قریب پہنچ گئی

Last Updated On 01 May,2020 08:56 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں کورونا نے مزید 2200 افراد کی جان لے لی، مہلک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 64 ہزار کے قریب پہنچ گئی، امریکی صدر نے ایک بار پھر چین پر لیب سے کورونا وائرس پھیلنے کا الزام لگا دیا۔

کورونا وائرس نے امریکا کو جکڑ رکھا ہے، مرنے والے افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، مریضوں کی تعداد گیارہ لاکھ کے قریب پہنچ گئی۔ صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر چین پر لیب سے کورونا پھیلانے کا الزام لگا دیا. امریکی صدر کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے ووہان لیب سے پھیلنے کے شواہد ہیں جن کی تفصیلات ابھی نہیں بتاؤں گا۔

صدر ٹرمپ نے چین کی اشیا پر نئے محصولات لگانے کی دھمکی بھی دے دی، صدر ٹرمپ نے 28 مارچ کے بعد پہلی بار وائٹ ہاؤس بھی چھوڑ دیا۔

امریکہ میں سماجی دوری کی وفاقی گائیڈ لائنز کی معیاد ختم ہونے کے بعد کاروبار کھولنے کا فیصلہ مقامی قانون دانوں کے ہاتھ میں چلا گیا، کیلی فورنیا کے گورنر نے ساحل سمندر عوام کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔