نئی دہلی: (دنیا نیوز) مودی سرکارمسلم دشمنی کی پالیسی پر کاربند، مقبوضہ وادی کی آبادی کے تناسب کو بدلنے کا گھناؤنا اقدام سامنے آ گیا، تین لاکھ غیر مقامی افراد کو کشمیر کے ڈومیسائل جاری کردیے، ڈومیسائل حاصل کرنے والوں میں ایک بھی مسلمان شامل نہیں ہے۔ دوسری طرف قابض بھارتی فوج نے مزید دو کشمیریوں کو شہید کر دیا۔
دنیا نیوز کے مطابق انتہا پسند نظریے پرکاربند نریندر مودی کی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں ہندوؤں کو بسانے کے منصوبے پر عمل در آمد شروع کردیا ہے، نئی دہلی نے ایک متنازعہ قانون کا سہارا لے کر مقبوضہ کشمیر میں رہنے والے تین لاکھ غیر مقامی افراد کو مقبوضہ وادی کے ڈومیسائل جاری کردیے۔ نئے ڈومیسائل حاصل کرنے والے تمام تین لاکھ افراد ہندو ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ وادی: قابض بھارتی فوج کشمیریوں کی نسل کشی کرنے لگی، مزید 3 نوجوان شہید
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آنے والے دنوں میں مزید 14 لاکھ افراد ڈومیسائل کے حامل ہو سکتے ہیں۔
مودی سرکار کے فیصلے پر مقبوضہ کشمیر میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے، حریت قیادت اور کشمیری عوام کا کہنا ہے کہ فیصلے کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر میں تعینات آٹھ لاکھ بھارتی فوجیوں اور 6 لاکھ دیگر غیر مقامی افراد کو بھی کشمیری شہریت دی جاسکتی ہے تاکہ مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب تبدیل کیا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر بھارتی فوج کے مظالم جاری، ضلع کلگام میں مزید دو نوجوان شہید
مقبوضہ کشمیر کو خصوصی حیثیت کی گارنٹی دینے والی آئینی شق دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے کو گزشتہ سال مودی سرکار نے بیک جنبش قلم ختم کردیا تھا۔ ان آئینی شقوں کی رو سے مقبوضہ وادی میں کسی غیر کشمیری کو زمین خریدنے یا وہاں کی شہریت حاصل کرنے کی اجازت نہیں تھی،
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مزید دو کشمیریوں کو شہید کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مقبوضہ کشمیر: ظالم بھارتی فوج توپوں کا استعمال کرنے لگی، خاتون سمیت 3 کشمیری شہید
خبر رساں ادارے کے مطابق دو نوجوانوں کو ضلع شوپیاں میں شہید کیا گیا، شوپیاں کے علاقے ملہورا میں آپریشن کے دوران قابض بھارتی فوجیوں نے کشمیریوں کے گھروں کو بھی نقصان پہنچایا، مظلوم کشمیریوں کے خلاف ظالم بھارتی فوجیوں کا آپریشن تاحال جاری ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز بھی قابض بھارتی فوجیوں نے ضلع کلگام میں مزید تین نوجوانوں کو شہید کیا تھا، گزشتہ دو روز کے دوران قابض بھاتری فوجیوں نے 9 کے قریب نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے۔