چین کورونا وائرس کا ذمہ دار نکلا تو اسے نتائج بھگتنا پڑیں گے، ڈونلڈ ٹرمپ

Last Updated On 19 April,2020 09:49 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر چین کورونا وائرس کا ذمہ دار نکلا تو اسے نتائج بھگتنا پڑیں گے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا وائٹ ہاوس میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ کورونا وائرس کو چین میں ہی روکا جا سکتا تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا اور اب پوری دنیا کو اس کی وجہ سے نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے چین کی جانب سے کورونا متاثرین کے جاری کردہ اعدادوشمار پر بھی شکوک کا اظہار کیا۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اگر چینی حکام کو علم نہیں تھا تو یہ ایک غلطی تھی لیکن اگر انہیں معلوم تھا تو وہ ذمہ دار ہیں اور ان کو نتائج کا سامنا کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا یہ ایک غلطی سے بے قابو ہوا یا ایسا جان بوجھ کر کیا گیا؟ ان دونوں باتوں کے درمیان بہت فرق ہے۔ دونوں صورتوں میں انہیں ہمیں اجازت دینی چاہیے تھی۔ ہم نے پہلے بھی اجازت مانگی تھی لیکن انہوں نے ہمیں اجازت نہیں دی۔ میرا خیال ہے وہ جانتے تھے کہ یہ ایک خراب صورت حال ہے اور وہ شرمندہ تھے۔