بیجنگ: (دنیا نیوز) چین میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد چار سو پچیس ہو گئی، بیس ہزار پانچ سو افراد متاثر ہیں۔ ہانگ کانگ میں ایک اور کرونا وائرس کا مریض ہلاک ہو گیا، برج خلیفہ میں کرونا متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے مختلف روشنیاں بکھیریں گئیں۔
جان لیوا کروناوائرس کے دنیا بھر میں بڑھتے سائے، چین میں مزید 64 افراد ہلاک ہو گئے۔ مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 425 ہوگئی جبکہ متاثرین کی تعداد 20 ہزار 500 تک پہنچ گئی۔
ہانگ کانگ میں کروناوائرس سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔ چین کی اعلی قیادت نے مہلک کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں کوتاہیوں اور خامیوں کا اعتراف کیا ہے۔
چینی حکام نے جانوروں کی منڈیوں، جہاں سے یہ وائرس پھیلا، پر کریک ڈاؤن کے احکامات بھی جاری کر دیئے۔ کرونا چین کی معیشت کو بھی متاثر کر رہا ہے۔
گزشتہ روز چین میں نئے سال کے آغاز کی چھٹیوں کے بعد پہلے روز معیشت مندی کا شکار رہی۔ شنگھائی کمپوزم انڈیکس آٹھ فیصد کمی کا شکار رہا جو کہ گذشتہ چار برسوں میں سب سے بری کارکردگی تھی۔ ادھر دبئی میں کروناوائرس کے متاثرین سے اظہاریکجہتی کےلیے برج خلیفہ کو مختلف روشنیوں سے روشن کیا گیا۔