سعودی عرب میں خوفناک حادثہ، 35 افراد جاں بحق

Last Updated On 17 October,2019 11:27 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں خوفناک ٹریفک حادثے میں پاکستانی عمرہ زائرین سمیت 35 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مدینہ منورہ کے قریب الہجرہ روڈ پر خوفناک ٹریفک حادثے میں بیشتر ہلاک شدگان پاکستانی عمرہ زائرین تھے جن کی لاشوں کو مردہ خانوں میں بھیج دیا گیا ہے۔ اس بس میں 39 افراد سوار تھے۔

سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق ہائی وے پر پیش آنے والے افسوسناک حادثے کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ بس میں سوار تمام زائرین مملکت میں مقیم تھے۔ عمرہ زائرین تھے جو ریاض سے ہجرہ روڈ کے ذریعہ مکہ مکرمہ جارہے تھے۔ مرنے والوں میں پاکستانی سمیت برطانوی زائربن بھی شامل ہیں۔

اُدھر مدینہ منورہ پولیس کا کہنا ہے کہ بس کا ڈرائیور شامی تارک وطن تھا جسکی لاش ہسپتال کے سرد خانے میں موجود ہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے تمام متعلقہ اداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے اور واقعہ کے اسباب جاننے کے لئے ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کردی ہے۔

سعودی ہلال احمر کا کہنا ہے کہ اس کی 20 ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی تھیں اور متوفین کو بس سے نکال کر مردہ خانے منتقل کیا جبکہ زخمیوں کو ہسپال پہنچایا۔

ہلال احمر کا کہنا ہے کہ حادثہ بدھ کی شب 18 بجکر 49 منٹ پر ہوا تھا۔ جب ہلال احمر کی امدادی ٹیمیں وہاں پہنچیں تو صرف 4 افراد زخمی تھے جبکہ باقی مسافر بس میں جل کر سوختہ ہوگئے۔

ہلال احمر کا کہنا ہے کہ حادثے میں 35 مقامی عمرہ زائرین ہلاک اور4 زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے بیشتر پاکستانی جبکہ دیگر کا تعلق مختلف ملکوں سے ہے، متوفین کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

سعودی خبر رساں ایجنسی نے مدینہ منورہ پولیس ترجمان کے حوالے سے بتایاہے مدینہ منورہ کے قریب ایک نجی بس اور ہیوی لوڈر کے درمیان تصادم میں 35 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔