بھارت: 12 سالہ لڑکی بھائیوں اور چچا کے ہاتھوں زیادتی کے بعد قتل

Last Updated On 19 March,2019 04:27 pm

مدھیہ پردیش: (ویب ڈیسک) بھارت میں ایک اور گھناؤنا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک 12 سالہ لڑکی کو اس کے چچا اور بھائیوں نے زیادتی کا نشانہ بنا کر اسے بے دردی سے قتل کر دیا۔

انڈٰین میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ڈسٹرکٹ ساگر میں پیش آیا۔ پولیس نے قتل کے الزام میں مقتولہ کے تین بھائیوں، چچا اور چچی کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقتولہ چھٹی کلاس کی طالبہ تھی۔

13 مارچ کو لڑکی کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ پولیس میں درج کرائی گئی تھی۔ اس کے بعد پولیس نے تلاش شروع کی تو اس کی سربریدہ لاش کھتیوں سے ملی۔

پولیس نے ملزمان کی نشاندہی کرنے والوں کیلئے 10 ہزار انعام کا اعلان کیا تھا جسے بعد میں بڑھا کر 25 ہزار کر دیا گیا تھا۔ متعلقہ تھانے کے انچارج امیت سنگھ نے واقعہ کی تفصیلات میڈیا کو بتاتے ہوئے کہا کہ ملزمان نے ناصرف بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا بلکہ اس نے جب پولیس کو اطلاع کرنے کی دھمکی دی تو اسے تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے اس کی لاش کی بے حرمتی کی گئی اور اس کا سر تن سے جدا کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی چچی اس سارے واقعے سے آگاہ تھی لیکن اس نے تفتیش کا رخ موڑنے کی کوشش کرتے ہوئے ایک محلے دار پر الزام دھر دیا تاہم مقتولہ کے اپنے سگے بھائی نے سارے واقعے سے پردہ اٹھا دیا۔ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر کے جب تفتیش شروع کی تو واقعے میں ملوث مقتولہ کے ایک بھائی نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا کہ اس کے ساتھ دیگر بھائیوں اور چچا نے مقتولہ کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں بے دردی سے قتل کر دیا۔