عراق : شمالی شہر بیجی میں کار بم دھماکا ، 6 افراد ہلاک

Last Updated On 13 September,2018 02:16 pm

بغداد (نیٹ نیوز ) عراق کے شمالی شہر بیجی کے نزدیک ایک کار بم دھماکے کے نتیجے میں چھے افراد ہلاک اور بیالیس زخمی ہوگئے ہیں۔ عراق کی مشترکہ آپریشنز کمان نے ایک بیان میں اس بم دھماکے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ بارود سے بھری کار کو بیجی کے نزدیک شاہراہ پر واقع ایک ریستوراں کے باہر دھماکے سے اڑا یا گیا ہے۔

فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ اس کار بم حملے کا ہدف کیا تھا اور نہ کسی گروپ نے اس بم دھماکے کی ذمے داری قبول کی ہے۔ بیجی دارالحکومت بغداد سے 255 کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔ سخت گیر جنگجو گروپ داعش نے 2014ء میں عراق کے شمالی شہروں پر یلغار کے وقت اس شہر اور یہاں واقع تیل صاف کرنے کے بڑے کارخانے پر بھی قبضہ کر لیا تھا تاہم عراقی فوج نے شدید لڑائی کے بعد 2015ء میں اس شہر کا کنٹرول واپس لے لیا تھا۔

عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے گذشتہ سال دسمبر میں داعش کے خلاف جنگ میں فتح کا اعلان کیا تھا لیکن عراقی فورسز اس جنگجو گروپ کا ابھی تک مکمل خاتمہ نہیں کرسکے ہیں۔

اس سے وابستہ جنگجو ماضی میں اپنے زیر قبضہ رہنے والے عراق کے شمالی اور شمال مغربی علاقوں میں سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حملے کرتے رہتے ہیں۔