آج لیڈی ڈیانا کی اکیسویں برسی منائی جا رہی ہے

Last Updated On 31 August,2018 11:37 am

لاہور (دنیا نیوز ) آج برطانوی شہزادی ڈیانا کی اکیسویں برسی ہے، اپنی خوبصورتی کے لئے پریوں کی شہزادی کا خطاب پانے والی ڈیانا لوگوں کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں، فلاحی کاموں کے سلسلے میں انہوں نے پاکستان کا دورہ بھی کیا۔


ان کی آخری رسومات کو دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں نے براہ راست دیکھا، پریوں کی شہزادی جیسے القابات سے مشہور برطانوی شہزادی ڈیانا پرنسس آف ویلز یکم جولائی 1961 کو پیدا ہوئیں۔ ڈیانا فرانسس سپنسر اپنے بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی تھیں۔ انیس سو اسی میں برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس کے ساتھ دوستی کی افواہیں پھیلیں جو 24 فروری 1981 کو ان کی منگنی کے بعد دم توڑ گئیں۔

29 جولائی 1981 کو وہ رشتہ ازدواج میں بندھ گئے، انہوں نے انیس سو بیاسی میں شہزادہ ولیم اور انیس سو چوراسی میں شہزاد ہیری کو جنم دیا۔ وقت کے ساتھ ساتھ شاہی جوڑے کے تعلقات میں سرد مہری آتی گئی اور 28 اگست 1996 کو ان کے درمیان طلاق ہو گئی۔ شہزادی ڈیانا فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں اور اس سلسلے میں پاکستان بھی آئیں۔

اکتیس اگست 1997 کو وہ فرانس میں ایک کار حادثے میں ہلاک ہو گئیں، تنازعات نے نہ صرف زندگی بھر برطانوی شہزادی کا پیچھا کیا بلکہ ان کی موت بھی ایک تنازعہ بن گئی۔