ٹرمپ کی شام پر میزائل حملوں کی دھمکی، بحری بیڑہ روانہ کر دیا

Last Updated On 12 April,2018 03:16 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کو تیار رہنے کی دھمکی دیتے ہوئے میزائل حملوں کا اعلان کر دیا۔ امریکا نے اپنا بحری بیڑہ جبکہ برطانیہ نے آبدوز بھی روانہ کر دی۔

شام کے شہر دوما میں مبینہ کیمیائی حملے کے بعد علاقے میں بڑی جنگ کے بادل منڈلانے لگے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ روس کے خلاف کھل کر سامنے آ گئے اور میزائل حملوں کی دھمکی دے دی۔ ٹویٹ میں انہون نے کہا روس تیار ہو جائے، نئے اور سمارٹ میزائل آ رہے ہیں۔ امریکا کا جدید ترین جنگی بحری بیڑہ شام کی جانب روانہ کر دیا گیا۔

ادھر برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے بھی فوجی کارروائی کیلئے تیار ہیں، غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق وہ پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیے بغیر ہی حملوں کی منظوری دے سکتی ہیں اور انہوں نے آبدوز روانہ کر دی۔

دوسری جانب روس نے شام میں امریکی حملے کی صورت میں بھرپور جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔ اقوام متحدہ میں روسی مندوب وسیلی نیبینزیا نے خبردار کیا ہے کہ شام کی جانب آنے والے امریکی میزائلوں کو مار گرایا جائے گا۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اسرائیلی وزیراعظم کو ٹیلیفون کیا اور اسرائیل کو شام میں مداخلت سے بازرہنے کی ہدایت کی۔