نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسیف کے مطابق نئے سال کے پہلے دن دنیا بھر میں تقریباً 3 لاکھ 90 ہزار بچے پیدا ہوئے جن میں سے 90 فیصد کا تعلق ترقی پذیر ممالک سے ہے۔
یونیسیف کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق یکم جنوری 2018ء کو پیدا ہونے والے 3 لاکھ 90 ہزار کے لگ بھگ بچوں میں سے نصف کا تعلق ترقی پذیر ممالک چین، بھارت، پاکستان، نائجیریا، امریکا، عوامی جمہوریہ کانگو، ایتھوپیا اور بنگلا دیش سے ہے۔ یونیسیف کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان نومولود بچوں میں سے زیادہ تر زندہ رہیں گے لیکن کئی ایک ایسے بھی ہوں گے، جن کی زندگی ایک دن سے زیادہ نہیں ہو گی۔
یونیسیف کے تخمینوں کے مطابق 2016ء میں ہر روز 26 ہزار بچے اپنی پیدائش کے چوبیس گھنٹوں کے اندر اندر ہلاک ہو جاتے تھے۔ عالمی ادارہ برائے اطفال کا یہ بھی کہنا ہے کہ تقریباﹰ دو ملین نومولود بچوں کے لیے اُن کی زندگی کا پہلا ہفتہ ہی آخری ثابت ہوا اور تب مجموعی طور پر دو اعشاریہ چھ ملین بچے پیدائش کے بعد ایک ماہ پورا ہونے سے قبل ہی انتقال کر گئے تھے۔
بچوں کی بہبود کے اس عالمی ادارے نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ انتقال کر جانے والے ان بچوں میں سے 80 فیصد ایسی وجوہات اور بیماریوں کی بنا پر ہلاک ہوئے جن کو بروقت علاج سے دور کیا جا سکتا تھا۔ ان وجوہات میں وقت سے پہلے پیدائش، پیدائش کے دوران پیچیدگیاں یا پھر خون یا پھیپھڑوں کی انفیکشن زیادہ اہم تھیں۔