چینی خاتون نے ایپل سٹور میں دانتوں سے کیبل کاٹ کر موبائل چرا لیا

Published On 04 September,2023 10:57 am

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں خاتون نے ایپل کے سٹور پر مضبوط کیبل دانتوں سے کاٹ کر آئی فون چرا لیا۔

ہم جانتے ہیں کہ بالخصوص ایپل کے شوروم میں ڈسپلے پر رکھے سمارٹ فون، ٹیبلٹ، لیپ ٹاپ آزمائش کیلئے رکھے جاتے ہیں، انہیں چوری سے بچانے کیلئے مضبوط تاروں سے باندھا جاتا ہے، لیکن چین میں ایک خاتون نے دانتوں سے یہ تار کاٹ لیا اور 960 ڈالر قیمت کا آئی فون لے کر فرار ہوگئیں، تاہم انہیں جلد ہی گرفتار کر لیا گیا۔

چین کے جنوب مشرقی صوبے، فیوجیان میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں خاندانی نام ’چائی‘ والی ایک خاتون کو سی سی ٹی فوٹیج میں فون چراتے دیکھا جا سکتا ہے، وہ کامیابی سے فون چرا کر شوروم سے باہر آتی ہیں لیکن پولیس نے اسے نصف گھنٹے میں ہی گرفتار کر لیا۔

سی سی ٹی وی ویڈیو میں خاتون کو دیکھا گیا کہ وہ پہلے کچھ دیر آئی فون کا جائزہ لیتی رہی، پھر اس نے کیبل کو دانتوں سے لگایا اور کاٹنے کی کوشش کی جس میں خاصا وقت لگا، آخر کار کیبل گھس گھس کر ٹوٹ گئی اور فون نکل آیا، اس کے بعد خاتون نے اطمینان سے فون اپنے بیگ میں رکھا اور تیز قدموں سے سٹور سے باہر نکل گئیں۔

سٹور منیجر نے بتایا کہ اس دوران دکان کا الارم بجا لیکن سٹاف نے سب دیکھ کر کہا کہ کوئی بات ہیں، خاتون نے پہلے کئی آلات چیک کئے اور اطمینان سے ظاہر کیا کہ وہ فون خریدنے میں دلچسپی رکھتی ہیں، تاہم کچھ دیر بعد دانتوں سے چبایا گیا ٹوٹا ہوا ایک تار دیکھا گیا جس کے بعد پولیس کو بلایا گیا۔

گرفتار خاتون نے بتایا کہ اس کا فون چوری ہوچکا ہے اور دوسرا فون درکار ہے لیکن مہنگی قیمت دیکھ کر اسے چرانے کا فیصلہ کیا۔