امریکی پائلٹ نے ٹوکیو میں گم ہونیوالی گڑیا ٹیکساس کی بچی تک پہنچا دی

Published On 28 August,2023 10:26 am

ٹیکساس: (ویب ڈیسک)امریکی پائلٹ نے ٹیکساس کی ایک بچی تک اس کی گڑیا واپس پہنچا دی جو اس نے ٹوکیو ایئرپورٹ پر گم کردی تھی۔

ٹیکساس کی نو سالہ بچی ویلنٹینا کی پسندیدہ گڑیا، بیٹریس بالی سے امریکہ آتے ہوئے اس وقت ٹوکیو میں ہی رہ گئی جب وہ اپنے والدین روڈی اور سیلیسٹے ڈومنگیز کے ساتھ امریکہ کے سفر پر تھیں، یہ گڑیا آخری مرتبہ ٹوکیو میں عارضی قیام کے دوران ہوائی جہاز میں دیکھی گئی تھی۔

بچی کے والد روڈی ڈومنگیز نے بتایا کہ ’ ہم نے اپنے بیگ کھول کر چیک کئے، تاہم اتنا یاد تھا کہ وہ ٹوکیو کی پرواز میں ہمارے ساتھ تھی، اس کے بعد ہم نے ایئرلائن کو ای میل کر کے بتایا کہ وہ مدد کریں کہ اگر گڑیا وہاں رہ گئی ہے یا نہیں۔‘ بیٹرس گڑیا بچی کو بہت عزیز تھی۔

ویلنٹینا نے کہا کہ گڑیا میری بہترین دوست تھی اور جب ہم ہوٹل آئے تو اسے یاد کر کے دل رونے لگا تھا، تاہم یہ ای میل سوشل میڈیا پر بھی مقبول ہوئی اور امریکی ایئرلائن کے پائلٹ، جیمز ڈینن کے علم میں آئی۔

ڈینن ٹوکیو گئے جہاں وہ ہینیڈا ایئرپورٹ کے ’لوسٹ اینڈ فاؤنڈ‘ شعبے گئے اور ترکش ایئرلائن کی گڑیا کا حوالہ دیا، وہاں یہ گڑیا مل گئی جس کی انہوں نے بہت ساری تصاویر لے کر ویلنٹینا کو بھیجیں۔

پائلٹ ڈینن خود گڑیا تھامے ویلنٹینا کے گھر پہنچے اور اسے پسندیدہ کھلونا واپس کر دیا۔