سپین: گھرکی تعمیر نو کے دوران دیواروں میں چھپائی گئی بھاری رقم برآمد

Published On 03 May,2023 08:49 pm

میڈرڈ (ویب ڈیسک) سپین میں ایک بلڈر کو نئے گھر کی دیواروں کے اندر چھپائی گئی ساڑھے 47 ہزار پاؤنڈ نقدی مل گئی۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بلڈر ٹونو پنیرو نے شمال مغربی سپین کے لوگو میں ایک گھر خریدا تھا جہاں وہ تعمیراتی کام کر رہا تھا کہ اسی دوران اسے دیواروں میں چھپائے گئے چھ کین ملے جن میں ساڑھے 47 ہزار پاؤنڈ مالیت کی کرنسی موجود تھی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ پرانی کرنسی تھی اور اسے 2002 میں اس وقت بند کردیا گیا تھا جب یورپی یونین کے مانیٹری یونٹ یورو کو ملک کی کرنسی کے طور پر اپنایا گیا تھا۔

جب پنیرو نے رقم کیش کرنے کی کوشش کی تو اسے معلوم ہوا کہ کچھ نوٹ اتنے پرانے تھے کہ اب وہ انہیں یورو میں تبدیل نہیں کر سکتےم اس شخص کو بتایا گیا کہ وہ ڈیڈ لائن سے محروم ہو گیا ہے کیونکہ بینک آف سپین نے پرانے نوٹوں کو قبول کرنا بند کر دیا ہے، اس لیے وہ بیکار نکلے۔

اس سب کے باوجود وہ تقریباً 30 ہزار پاؤنڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے جن سے انہوں نے نئی چھت کیلئے ادائیگی کی۔