امریکہ، رقم جیتنے والے بے خبر سیاح کو تلاش کر لیا گیا

Published On 09 February,2022 09:51 am

لاس ویگاس: (روزنامہ دنیا) امریکہ میں دلچسپ واقعہ پیش آیا کہ سلاٹ مشین پر رقم جیتنے والے سیاح کو اس کا پتہ نہ چل سکا لیکن بعد میں انتظامیہ نے اسے تلاش کر لیا اور اب اسے رقم پہنچائی جا رہی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق گذشتہ ہفتے ٹریژر آئی لینڈ ہوٹل اینڈ کسینو میں لگی سلاٹ مشین پر ایک شخص نے 2 لاکھ 30 ہزار ڈالر جیتے تھے لیکن تکنیکی نقص کی بنا پر رقم سکرین پر ظاہر نہیں ہوئی۔ اس کے بعد انتظامیہ نے ایک ماہ جدوجہد کے بعد اس شخص کو تلاش کر لیا ہے۔

اس شخص کا نام رابرٹ ٹیلر ہے جس نے 8 جنوری کو سلاٹ مشین پر رقم جیتی تھی، تلاش شروع کی گئی تو پتہ چلا وہ ایریزونا کا رہائشی سیاح تھا جو لاس ویگاس آیا تھا۔ اس کے لئے سینکڑوں گھنٹوں کی ویڈیوز دیکھی گئیں اور جیتنے والے کا سراغ لگایا گیا۔ یہاں تک کہ ٹیکسیوں اور گاڑیوں کا ڈیٹا بھی تلاش کیا گیا، انعام کی رقم پانچ کروڑ پاکستانی روپے سے زائد ہے۔