سٹیو جابز کے دستخط والا مینوئل 13کروڑ میں فروخت

Published On 24 August,2021 08:17 am

بوسٹن:(روزنامہ دنیا) گزشتہ دنوں ایپل کمپیوٹرز کے شریک بانی سٹیو جابز کا 1980میں دستخط کردہ آپریٹنگ مینوئل 7لاکھ 87 ہزار 484 ڈالر (13 کروڑ پاکستانی روپے ) میں نیلام ہواجسے ارب پتی امریکی تاجر جِم اِرسے نے خریدا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق 196 صفحات کا یہ مینوئل جس پر سٹیو جابز اور ایپل کمپیوٹرز کے دوسرے سی ای او مائیک مارکیولا کے دستخط ایک ساتھ موجود ہیں، بوسٹن کے ‘‘آر آر آکشن’’ سے نیلام ہوا جو برطانوی نژاد جولین بریور کی ملکیت تھا۔مینوئل پر دستی تحریر کی پوری عبارت کچھ یوں ہے :‘‘جولین، تم اس پہلی نسل سے ہو جو کمپیوٹر کے ساتھ پروان چڑھے گی۔ جاؤ، دنیا کو بدل دو!’’۔

جولین بریور نے بتایا کہ ان کے والد مائیک بریور 1980 میں ایپل کارپوریشن کی مصنوعات برطانیہ میں فروخت کرنے کیلئے خصوصی حقوق حاصل کرنا چاہتے تھے اور اسی بارے میں سٹیو جابز اور مائیک مارکیولا سے ان کی کامیاب ملاقات ہوئی۔