شاہین 1 کروڑ 12 لاکھ سے زائد روپے میں فروخت

Published On 09 August,2021 10:35 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں مختلف اقسام اور نسلوں کے شاہین پرندوں کی نیلامی کے موقع پر نایاب شاہین کو دو لاکھ 70 ہزار سعودی ریال (72 ہزار امریکی ڈالر یا ایک کروڑ 12 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) میں فروخت کیا گیا۔

سعودی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے نے رپورٹ کیا کہ یہ ڈیل ریاض کے شمال کے ملحم کے مقام پر سعودی فالکن کلب کی طرف سے منظم کی گئی نیلامی کی دوسری رات میں کیا گیا تھا۔ شاہین نیلامی میں فروخت ہونے والا مہنگا پرندہ ہے۔

سعودی ایجنسی کے مطابق یہ شاہین مشرق وسطیٰ کے شاہین پروڈیوسروں کے ہاں فروخت ہونے والا سب سے زیادہ مہنگا پرندہ ہے.

سعودی عرب کے العرادی فارم سے لائے گئے شاہین کی خریداری میں ایک طاقتور بولی لگی۔ اس کی لمبائی ساڑھے 17 انچ،چوڑائی پونے 17 انچ اور وزن 1105 گرام ہے۔

ایک مقامی شہری متعب منیر العیافی نے العرادی فارم سے آئے شاہین کی خریداری کی آخری بولی لگائی۔ اس شاہین کو’رغوان‘ کا نام دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ فالکن کے مقامی مقابلے سب سے خوبصورت شاہین پیش کرنے والے کو تین لاکھ، دوسرے درجے پر دو لاکھ اور تیسرے پر ایک لاکھ ریال کا انعام رکھا گیا ہے۔