برازیل میں لاک ڈاون کے دوران طلاقوں کی شرح میں ریکارڈ اضافہ

Published On 26 January,2021 10:41 am

ریو ڈی جنیرو:(روزنامہ دنیا) برازیل میں گزشتہ برس کوویڈ 19 کے لاک ڈاؤن کے سبب لوگوں کی اکثریت گھروں تک محصور رہی جہاں خانگی تنازعات نے ایک نیا موڑ لیا اور ریکارڈ تعداد میں طلاقیں ہوئی ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق برازیل کے نیشنل کالج آف نوٹریزکے اعدادو شمار میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں لاک ڈاون کے دوران میاں بیوی ایک ساتھ رہتے ہوئے ایک دوسرے سے اکتا گئے اور بیزارگی نے انہیں مزید چِڑچِڑا کردیا۔یہاں تک کہ طلاق کےذریعے وہ ایک دوسرے سے الگ ہوگئے ۔

برازیل لاطینی امریکا کا سب سے بڑا ملک ہے جہاں 2020 کے آخری چھ ماہ میں 43,859 طلاقیں واقع ہوئی ہیں جو 2019 کے اسی عرصے کے مقابلے میں 15 فیصد زائد ہیں تاہم کالج کا کہنا ہے کہ یقیناً کوویڈ 19 کی ابتدا میں بھی یہی کچھ ہوا ہوگا جو عملے کی غیرحاضری کے باعث ریکارڈ پر نہیں آسکا ہے ۔لیکن اس میں طلاق کی آن لائن رجسٹریشن کا بھی عمل دخل ہوسکتا ہے ۔