برقی انڈے دینے والا، حقیقت سے قریب تر روبوٹ کچھوا

Published On 23 January,2021 09:41 am

کوسٹاریکا: (روزنامہ دنیا) حقیقت سے انتہائی قریب تر کچھوا روبوٹ کی بدولت شمالی بحرالکاہل کے علاقے کوسٹا ریکا کے ساحلوں پر کئی سو کچھوؤں کی شاندار ویڈیو بنائی گئی ہے۔

روبوٹ کچھوے کی دلچسپ بات یہ ہے کہ ساحل پر جاکر اس نے مصنوعی انڈے دئیے جنہیں الیکٹرانک جاسوس انڈے بھی کہا جاسکتا ہے۔ اس کے پیٹ میں برقی انڈے بھرے گئے تھے اور ہر انڈے میں جدید ترین کیمرے نصب تھے۔

یہ سارا اہتمام پی بی ایس نووا کی سائنسی فلم کے بارے میں تھا اور جب روبوٹ اور انڈوں سے لی گئی شاندار فوٹیج سامنے آئی تو ایک دنیا حیران رہ گئی۔ جیسے ہی گدھ اور دیگر پرندے کچھوے کے انڈے کھانے آئے انڈوں میں لگے کیمروں نے اسے ویڈیو میں قید کرلیا۔

اب تک اس ایک ویڈیو کلپ کو چار لاکھ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔ اگر آپ کو نہیں بتایا جائے کہ کچھوا نقلی اور مشینی ہے ، تب تک آپ اسے پہچان نہیں سکتے۔