سترھویں منزل سے گرنے کے باوجود ننھی بچی معجزانہ طور پر محفوظ رہی

Last Updated On 04 August,2018 09:40 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں ایک ڈھائی سالہ بچی سترھویں منزل سے نیچے گر گئی لیکن اس کے باوجود وہ اٹھ کر چلنے لگی۔ ڈاکٹروں نے اسے ’سپرگرل‘ کا خطاب دے دیا۔

یہ لڑکی چینی صوبے جیانگ سو کے شہر جینگ زو سے تعلق رکھتی ہے جسے اس کی دادی نے سوتا چھوڑ دیا تھا اور سودا خریدنے نیچے چلی گئیں۔ دادی کا اندازہ تھا کہ جب تک وہ واپس آئیں گی بچی سوتی رہے گی لیکن بچی تھوڑی ہی دیر میں جاگ گئی۔ اس نے گھر کا دروازہ بند پا کر پہلے کرسی کا سہارا لیا۔ اس کے بعد وہ کمپیوٹر کی میز پر چڑھ گئی اور وہاں موجود کھلی ہوئی کھڑی سے باہر لٹک گئی۔ اس کے بعد وہ سترھویں منزل سے سیدھی نیچے گری اور بلڈنگ کے عین نیچے موجود چھوٹے باغیچے میں آگری۔

اس دوران بچی کی دادی بھی آگئیں اور اس نے دیکھا کہ پڑوسی روتی ہوئی بچی کو دلاسہ دے رہے ہیں۔ اس کے فوراً بعد بچی کے والدین سے رابطہ کیا گیا اور اسے اسپتال لے جایا گیا۔ بچی کی سی ٹی اسکین اور دیگر ٹیسٹ سے معلوم ہوا کہ وہ بالکل تندرست ہے اور اس کی پسلی پرصرف چند خراشیں آئی تھیں۔

ڈاکٹروں نے اتنی بلندی سے گرنے کے واقعے اور بچی کے محفوظ رہنے کو ایک معجزہ قرار دیا ہے۔ تفصیلی معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے بچی کو اس کے گھر بھیج دیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق سترھویں منزل سے گرنے کے بعد زمین تک پہنچنے سے پہلے بچی پیڑ اور پودوں پر گری جس سے اس کی رفتار سست ہوئی اور ایک روز پہلے بارش ہونے سے زمین نرم تھی جس سے اسے کوئی خاص نقصان نہیں پہنچا۔