لاہور: (ویب ڈیسک) جرمنی کے"ڈوئچے بنک" کی جانب سے جاری کردہ سالانہ رپورٹ میں دنیا کے ایسے 10 شہروں کے نام جاری کیے گئے ہیں جو اپنے ملازمین کو سب سے زیادہ تنخواہیں اور مالی مراعات فراہم کرتے ہیں۔
جرمنی کا "ڈوئچے بنک" ہرسال مئی میں ایک رپورٹ جاری کرتا ہے، جس میں مہنگائی، ملازمین کی تنخواہیں، شہریوں کی اوسط آمدن اورٹیکسوں سمیت دیگر امور پر اعداد وشمار موجود ہوتےہیں۔ اس رپورٹ میں ایسے شہروں کی فہرست بھی مرتب کی جاتی ہے جہاں ملازمین کو سب سے زیادہ تنخواہ دی جاتی ہے۔
ایسے شہر جہاں ملازمین کی کم سے کم تنخواہیں 3 ہزار ڈالر سے زیادہ ہیں، سب سے زیادہ مشاہرہ دینے والے شہروں میں شمار کئے جاتے ہیں جن میں دبئی بھی شامل ہے، دبئی میں سرکاری ملازمین کو 3 ہزار 447 ڈالر ماہانہ تنخواہ دی جاتی ہے۔ دبئی کا سب سے زیادہ تنخواہیں دینے والے عالمی شہروں میں نواں نمبر ہے۔
سب سے زیادہ تنخواہیں دینے والے شہروں میں سوئٹرزلینڈ کا شہر زیورخ پہلے نمبر پر ہے، جہاں ملازمین کو کم سے کم ماہانا تنخواہ 5764 امریکی ڈالر دی جاتی ہے۔
دوسرے نمبر پر امریکی ریاست کیلفورنیا کا شہر سان فرانسیسکو ہے جہاں اوسط تنخواہ 4974 امریکی ڈالر ہے۔
نیویارک 4115 امریکی ڈالر تنخواہ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
چوتھے نمبر پر آسٹریلیا کا شہر سڈنی ہے جہاں ملازمین کو ماہانا تنخواہ 3914 ڈالر ملتی ہے۔
امریکی شہر بوسٹن پانچویں نمبر پر ہے جہاں ماہانا تنخواہ 3740 ڈالر ہے۔
ناروے کا شہر اوسلو اس فہرست میں چھٹے نمبر پر ہے جہاں ماہانا تنخواہ 3664 ڈالر ملتی ہے۔
شکاگو شہر کا اس فہرست میں ساتواں نمبر ہے، جہاں ماہانا تنخواہ 3650 ڈالر ملتی ہے۔
آٹھویں نمبر پر ڈنمارک کا شہر کوپن ہیگن ہے جہاں ماہانا تنخواہ کم سے کم 3462 امریکی ڈالر ملتی ہے۔
نویں نمبر پر متحدہ عرب امارات کا شہر دوبئی ہے، جہاں ملازمین کو 3447 ڈالر ماہانا تنخواہ ملتی ہے۔
فہرست میں سب سے آخر میں جرمنی کا شہر فرانکفرٹ ہے جہاں اوسط ماہانا تنخواہ 3389 امریکی ڈالر ہے۔