ٹائی ٹینک جہازکا مینو کارڈ ایک لاکھ پائونڈ میں نیلام

Last Updated On 23 April,2018 10:13 am

لندن (روزنامہ دنیا ) ایک صدی قبل حادثے کا شکار ہونے والے مسافر بردار بحری جہاز ٹائی ٹینک پر پیش کئے جانے والے پہلے کھانے کا مینو کارڈ ایک لاکھ پاؤنڈ میں نیلام ہوگیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ مینو کارڈ دو اپریل 1912 کو ٹائی ٹینک پر پیش کیا گیا تھا۔ یہ مینو کارڈ ٹائی ٹینک کے سب سے سینئر اہلکار سکینڈ آفیسر چارلس لائٹ ٹولر کی ملکیت تھا۔ چارلس لائٹ ٹولر نے یہ مینو کارڈ ساؤتھ ایمپٹن سے روانہ ہوتے وقت اپنی بیوی کو دیا تھا۔

نیلامی کے منتظم ایلن ایلڈریج کا کہنا ہے کہ یہ مینو کارڈ دنیا میں پائے جانے والے نایاب ترین نایاب کارڈز میں سے ایک ہے۔ یہ مینو کارڈ ہینری ایلڈریج اینڈ سن ان ڈیزز میں ہونیوالی نیلامی میں ایک برطانوی کلکٹر کو فروخت کیا گیا۔

نیلامی میں تباہ ہونے والے بحری جہاز کے چارٹ روم کی چابی ٹیکساس کے ایک کلکٹر کو 78,000 پاؤنڈ میں فروخت کی گئی جبکہ ایک سٹیورڈ کا بیج 57,000 برطانوی پاؤنڈ میں فروخت ہوا۔ یہ بیج تھامس مولن نامی شخص کی ملکیت تھا اور وہ اس کی لاش کے ساتھ ملا تھا۔