حکومت بلوچستان اور گوگل کے درمیان سکالر شپ اور انٹرن شپ کیلئے معاہدہ طے

Published On 20 July,2023 12:02 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت بلوچستان اور آن لائن سرچ انجن کمپنی گوگل کے درمیان صوبے کے نوجوانوں کو گوگل سکالر شپ اور انٹرن شپ کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا۔

اس معاہدے کا مقصد صوبے کے نوجوانوں کو آئی ٹی مہارت کی فراہمی کیساتھ ساتھ نوجوانوں کو عصر جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے آن لائن روزگار کے حصول کے قابل بنانا ہے جبکہ معاہدے کے تحت گوگل صوبائی محکمہ اطلاعات کی ڈیجیٹلائزیشن میں معاونت بھی فراہم کرے گا۔

حکومت بلوچستان اور گوگل کے درمیان طے پائے گئے معاہدے پر سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی طیب لہڑی اور سیکرٹری اطلاعات محمدحمزہ شفقات نے صوبائی حکومت اور گوگل ٹیم لیڈرعمرفاروق نے گوگل کی جانب سے دستخط کئے۔

اس حوالے سے اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں صوبائی وزیر خزانہ انجینئر زمرک خان اچکزئی اور چیف سیکرٹری عبدالعزیز عقیلی بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری نے بلوچستان حکومت اور گوگل کے مابین معاہدے کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو صوبے کے نوجوانوں کو باوقار روزگار کی فراہمی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور اسی مقصد کیلئے نوجوانوں کو ہر شعبے میں آگے بڑھنے کے مواقع بھی فراہم کئے جا رہے ہیں۔

سیکرٹری اطلاعات محمد حمزہ شفقات کا کہنا تھا کہ رواں سال مئی میں گوگل نے بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے 1000 سکالر شپ دیئے تھے اس پروگرام میں 900 سے زائد نوجوانوں نے انرولمنٹ کرائی جبکہ اب گوگل کی جانب سے مزید 2000 سکالر شپ دیئے گئے جن میں لڑکیوں اور لڑکوں کیلئے 1000 سکالر شپ شامل ہیں۔

حمزہ شفقات کا یہ بھی کہنا تھا کہ انٹرن شپ کے حامل نوجوانوں کی انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن ہوگی اور وہ اس سے آن لائن جاب حاصل کر سکیں گے، اس کے ساتھ ساتھ انٹرنز ماہانہ 1000 ڈالر تک کمانے کے قابل بھی ہوں گے۔