ولنگٹن : (ویب ڈیسک ) فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں مشترکہ طور پر جاری نواں ویمنز ورلڈ کپ کی کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی ہے۔
سپین ، نیدرلینڈز، جاپان، سویڈن، آسٹریلیا، فرانس، انگلینڈ اور کولمبیا کی ٹیمیں پری کوارٹر فائنل مرحلے میں اپنے میچز جیت کر کوارٹر فائنل مرحلے میں پہنچ چکی ہیں جبکہ دفاعی چیمپئن امریکا کی خواتین ٹیم ٹاپ 16 میں سویڈن کے ہاتھوں شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوگئی ہے۔
میگا ایونٹ کا کوارٹر فائنل مرحلہ 11 اگست سے شروع ہوگا ، سپین اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں میگا ایونٹ کے پہلے کوارٹر فائنل میں 11 اگست کو ویلنگٹن کے مقام پر پنجہ آزمائی کریں گی جبکہ اسی روز دوسرا کوارٹر فائنل میچ جاپان اور سویڈن کی ٹیموں کےدرمیان آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔
میگا ایونٹ کا تیسرا کوارٹر فائنل میچ 12 اگست کو آسٹریلیا اور فرانس کی خواتین ٹیموں کے درمیان برسبین میں کھیلا جائے گا۔
اسی روز چوتھا اور آخری کوارٹر فائنل میچ انگلینڈ اور کولمبیا کی ٹیموں کے درمیان سڈنی کے مقام پر کھیلا جائے گا۔
ٹاپ ایٹ راؤنڈ مکمل ہونے کے بعد پہلا سیمی فائنل میچ 15 اگست کو آکلینڈ جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 16 اگست کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔
تیسری پوزیشن کے لئے میچ 19 اگست کو برسبین جبکہ میگا ایونٹ کا فائنل معرکہ 20 اگست کو سڈنی کے مقام پر ہوگا۔