کیلیفورنیا:(دنیا نیوز) پاکستان نے امریکا میں ہونے والے ہوم لیس ورلڈکپ فٹبال کافائنل جیت لیا۔
فائنل میں پاکستانی ٹیم نے جرمنی کو 2-4 کی شکست دے کر ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا، اس ورلڈکپ میں دنیاکی 28ٹیموں نےشرکت کی ۔
فزیکل ایجوکیشن ڈویلپمنٹ اینڈ پیس فائونڈیشن (پی ای ڈی پی ایف) کے زیراہتمام ایونٹ میں حصہ لینے والی پاکستانی ٹیم کو ابتدائی میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن اس کے بعد کھلاڑیوں نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
سیمی فائنل میں پاکستان نے یونان کے خلاف عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے 2-9 سے کامیابی حاصل کی اور فائنل میں جرمنی کو 2-4 سے شکست دیکر ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔
خیال رہے کہ ہوم لیس ورلڈ کپ ایک مقصد کے ساتھ منعقد ہونے والا فٹ بال ٹورنامنٹ ہے، اس ایونٹ کو کرانے والی تنظیم کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے انعقاد کا مقصد شرکاء کی زندگیوں کو بدلنا اور بے گھر افراد کے حوالے سے انسانی رویوں کو تبدیل کرنے کی کوشش کرنا ہے۔