لاہور:(دنیا نیوز، ویب ڈیسک) قومی کھیل بحران کا شکار ہوگیا، پاکستانی ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر خالد سجاد کھوکھر، سیکرٹری آصف باجوہ اور خزانچی محمد اخلاق کو عہدوں سے فارغ کردیا گیا۔
پاکستان سپورٹس بورڈ نے ہاکی فیڈریشن حکام کے خلاف انتہائی اقدام اٹھاتے ہوئے خالد سجاد کھوکھر، آصف باجوہ اور محمد اخلاق کی موجودگی کو غیرآئینی قرار دے دیا۔
سپورٹس بورڈ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہاکی فیڈریشن حکام کی 4 سالہ آئینی مدت 14 مئی کو ختم ہو گئی تھی، 2019 میں شہباز سینئر کے مستعفی ہونے پر آصف باجوہ کو بطور سیکرٹری پی ایچ ایف نامزد کیا گیا تھا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پی ایچ ایف حکام کی آئینی مدت 2 ماہ پہلے پوری ہو گئی تھی اور انتخابات نہیں کرا سکے، مقررہ مدت میں الیکشن نہ کرانا نیشنل سپورٹس پالیسی 2005 کی خلاف ورزی ہے، دو ماہ گزر جانے کے باوجود انتخابات نہ کرانے پر ہاکی فیڈریشن حکام ڈی نوٹیفائی کر دیئے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ قومی ٹیم ہاکی ٹیم کوالیفائنگ راؤنڈ میں شکست کھانے کے بعد ورلڈ کپ سے باہر ہوچکی ہے۔
کامن ویلتھ گیمز، قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ جاری
دوسری جانب کامن ویلتھ گیمز کی تیاریوں میں سلسلے میں پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ زور و شور سے جاری ہے، کھلاڑی میگا ایونٹ میں عمدہ پرفارمنس کے لئے کوچز کی زیر نگرانی خامیوں پر قابو پانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں جبکہ کوچز کھلاڑیوں کو کیمپ میں ٹپس دینے میں مصروف ہیں۔
اس حوالے سے کھلاڑیوں میں بہت جوش و خروش پایا جارہا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ کامن ویلتھ گیمز ایک بہت بڑا ایونٹ ہے جس میں بھرپور تیاری کے ساتھ شرکت کریں گے اور عمدہ پرفارمنس دکھائیں گے، کوچز بہترین انداز سے تربیت کروارہے ہیں، امید ہے کہ ہماری محنت ضرور رنگ لیکر آئے گی۔
ہاکی فیڈریشن نے کلیم اللہ کو چیئرمین سلیکشن کمیٹی مقرر کردیا
گزشتہ دنوں پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے سابق اولمپئین کلیم اللہ کو چیئرمین سلیکشن کمیٹی مقرر کر دیا۔
سیکرٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ نے کہا کہ پی ایچ ایف کے صدر خالد سجاد کھوکھر نے کلیم اللہ کی تقرری کی منظوری دی جبکہ منظور جونئیر کو مینجر جونئیر ہاکی ٹیم مقرر کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوچنگ سٹاف میں ریحان بٹ، کاشف جواد اور وقاص شریف شامل ہیں، مزید تقرریاں کامن ویلتھ گیمز کے بعد کی جائیں گی۔