اسلام آباد میں تائیکوانڈو مقابلے، میڈلز کی دوڑ میں پاک آرمی سب سے آگے

Last Updated On 22 December,2019 08:52 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس میں تائیکوانڈو کے دلچسپ مقابلے جاری ہیں۔ ملک بھر سے تین سو سے زائد کھلاڑی ان مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ میڈلز کی دوڑ میں اس وقت تک پاکستان آرمی سب سے آگے ہے۔

کورین ایمبیسڈر نیشنل تائیکوانڈو چیمپئین شپ اسلام آباد میں جاری، ملک بھر سے 300 سے زائد کھلاڑی شریک، پاک آرمی کا 13 گولڈ سمیت 20 میڈلز کے ساتھ پہلا نمبر ہے۔

واپڈا 14، دو گولڈ اور 6 سلور میڈلز کے ساتھ دوسرے جبکہ ائیر فورس کا دو گولڈ اور 4 سلور کے ساتھ تیسرا نمبر ہے، جونئیر کیٹیگری میں خیبر پختونخواہ میڈلز کیساتھ پہلے، گلگت دوسرے جبکہ ائیر فورس تیسرے نمبر پر ہے۔ ایونٹ میں شریک کھلاڑیوں نے مستقل بنیادوں پر نیشنل ایونٹس کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔

صدر پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کرنل وسیم احمد کہتے ہیں کہ رواں برس پاکستان نے تائیکونڈو کے 17 انٹرنیشنل مقابلوں میں شرکت کی جس سے کھلاڑیوں کے کھیل میں نکھار آیا۔

تائیکوانڈو چیمپئین شپ کی اختتامی تقریب 23 دسمبر کو پاکستان اسپورٹس کمپلیکس کے عامر خان باکسنگ ہال میں منعقد ہو گی۔