لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان ہاکی ٹیم کی کوچنگ سابق اولمپئن قمر ابراہیم کو دینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ توقیر ڈار اور حسن سردار کے بعد اسسٹنٹ کوچ ریحان بٹ اور دانش کلیم بھی مستعفی ہو گئے۔
پاکستان ہاکی ٹیم کی ڈوبتی کشتی کو ایک بار پھر ملکی کوچ سے بچانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس بار قمر ابراہیم کے نام کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ ورلڈ کپ کے ہیڈ کوچ توقیر ڈار اور مینجر حسن سردار پہلے ہی مستعفی ہو چکے ہیں جبکہ اب اسسٹنٹ کوچ ریحان بٹ اور دانش کلیم نے بھی استعفیٰ دیدیا ہے۔ قمر ابراہیم کے ساتھ سمیر حسین کو کوچنگ سٹاف میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
سابق مینجمنٹ کی رپورٹس پر ٹیم میں بھی آپریشن کلین اپ کا جائے گا۔ رضوان سینئر، عرفان سینئر اور راشد محمود سمیت سات کھلاڑیوں کو گھر کی راہ دکھائی جائے گی۔ ورلڈ کپ سے ہاری ٹیم پاکستان کا اگلہ امتحان پروہاکی لیگ ہے جو آئندہ سال فروری میں ہو گی اور اس کے لیے کیمپ جنوری میں لگایا جائے گا۔