اڑیسا:(ویب ڈیسک)ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان اپنے دوسرے میچ میں بھی کامیابی حاصل نہ کر پایا جہاں گروپ ڈی میں ملائیشیا کے خلاف میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-1 گول سے برابری پر ختم ہوا۔
بھارتی شہر بھوبھنشور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان اور ملائیشیا کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم کوئی ٹیم میچ کو اپنے حق میں کرنے میں ناکام رہی۔پاکستان کی جانب سے محمد عتیق نے میچ کے 51 ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی تھی تاہم یہ برتری زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی۔
ملائیشیا کے فیضل ساری نے پاکستان کی برتری کو ختم کرتے ہوئے 55 ویں منٹ میں اپنی ٹیم کے لیے پہلا گول کیا اور میچ کو بھی برابرکر دیا۔
پاکستان اور ملائیشیا کی ٹیموں نے میچ کے 55 ویں منٹ کے بعد گول کرنے کی سر توڑ کوششیں کیں لیکن ناکام رہیں اور مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں ایک، ایک گول تک محدود رہیں۔
ملائیشیا کے فیضل باری کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔خیال رہے کہ پاکستان کو پہلے میچ میں جرمنی سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔