قومی کبڈی چیمپئن شپ: ایران نے افتتاحی میچ میں پنجاب کو شکست دے دی

Published On 28 Feb 2018 07:47 PM 

لاہور: (ویب ڈیسک) چالیسویں قومی کبڈی چیمپئن شپ لاہور میں شروع ہوگئی۔ افتتاحی میچ میں ایران کی ٹیم نے پنجاب کبڈی ٹیم کو1 پوائنٹ سے شکست دے دی۔

چالیسویں قومی کبڈی چیمپئن شپ کے ایونٹ کا آغاز کبڈی فیڈریشن کو میدان نہ ملنے کی وجہ سے سائیکلنگ ویلو ڈرم میں ہوا۔ افتتاحی میچ ایران اور پنجاب کی کبڈی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ جو سنسنی خیز ثابت ہوا۔ پہلے ہالف میں اٹھارہ پوائنٹس کے ساتھ دونوں ٹیمیں برابر رہیں اور بیس منٹ کے دوسرے ہالف کے بعد ایران ٹیم کا سکور 42 جبکہ پنجاب کا 41 تھا۔ اس طرح مہمان ٹیم نے ایک پوائنٹ سے میدان مار لیا۔

مہمان کھلاڑی محمد راشدی بہترین ریڈر قرار پائے جو ایک بار بھی نہیں پکڑے گئے۔ پنجاب کی جانب سے محمد جھاپی اور محمد کامران نے چار، چار کھلاڑیوں کو پکڑا، جبکہ حافظ عاصم نے بھی بہترین کھیل پیش کیا۔ چیمپئن شپ کے دوسرے میچ میں پاکستان ایئرفورس نے سندھ کو شکست دی۔ 

یاد رہے کہ 40 ویں قومی کبڈی چیمپئن شپ میں ایران کی کبڈی ٹیم کو خصوصی طور پر شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ ایونٹ میں 8 اداروں، چاروں صوبوں اور اسلام آباد کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ ایرانی ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں لاہور کو زیر کیا ہے۔