ریڈیو پاکستان حملہ کیس: ایم پی اے سمیت5 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

Published On 25 April,2025 05:48 pm

پشاور:(دنیا نیوز) 9 مئی احتجاج کے دوران ریڈیو پاکستان عمارت پر حملہ کیس میں ایم پی اے ارباب وسیم سمیت پانچ ملزمان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے۔

نامزد ملزمان کے خلاف مقدمے کی سماعت اے ٹی سی پشاور کےجج ولی محمد خان نے کی،عدالت نے پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے ایم پی اے ارباب وسیم سمیت پانچ ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری اور متعلقہ پولیس افسران کو عدالتی حکم کے تعمیل کا حکم دیا۔

قبل ازیں پراسیکوشن نے اپنے دلائل میں کہا کہ ملزمان نے 9 مئی کو احتجاج کے دوران ریڈیو پاکستان بلڈنگ پر حملہ کیا، ملزمان نے بلڈنگ کو آگ لگائی اور عمارت کو نذر آتش کیا، تھانہ شرقی پولیس نے ارباب وسیم سمیت کئی ملزمان کو مقدمے میں نامزد کیا ، ملزمان کے خلاف تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ٹرائل شروع کیا گیا۔

اپنے دلائل میں پراسیکوشن نے بتایا کہ ٹرائل کے دوران مقدمے نامزد ارباب وسیم اور دیگر چار ملزمان مسلسل پیش نہیں ہورہے ہیں ، ایم پی اے ارباب وسیم اور دیگر چار ملزمان کو کئی بار پیش ہونے کے لیے نوٹسز جاری کیے گئے ۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد پیش نہ ہونے پر ملزمان کی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردی، متعلقہ پولیس افسران ملزمان کو گرفتار کرکے ائندہ سماعت پر پیش کریں، عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت پانچ مئی تک ملتوی کردی گئی۔