نواب شاہ :(دنیا نیوز) کینالزمنصوبےکےخلاف ریلوےٹریک پر دھرنا دینے اور ہزارہ ایکسپریس کو روکنے پر78افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق گزشتہ رات سرہاری کے قریب دھرنا دے کر ہزارہ ایکسپریس کو روکنے پر 78 افراد پر مقدمہ درج ہوا، قوم پرست جماعتوں کی جانب سے کینالز منصوبے کے خلاف ریلوے ٹریک پر دھرنا دے کر ٹرینوں کی آمدورفت معطل کردی گئی تھی۔
مقدمے کے متن میں لکھا گیا کہ ریلوے ٹریک پر دھرنے کے باعث چار گھنٹوں تک ٹرینوں کی آمدورفت معطل رہی، جس کے باعث پنجاب سے کراچی جانے والی ٹرینوں کو مختلف سٹیشنوں پر روک دیا گیا تھا۔
ریلوے ٹریک پر دھرنا دینے والے مظاہرین کے خلاف کھڈر تھانے میں 18نامزد اور 60 نامعلوم افراد پر مقدمہ درج کیا گیا تاہم سرکار کی مدعیت میں 78 افراد پر درج کیے جانے والے مقدمے میں ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔