لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب کے سرکاری محکموں میں آن لائن بلنگ سلوشن نافذ کر دیا گیا۔
اے جی پنجاب کے پراجیکٹ کے تحت OLBS کو 170 محکموں میں کامیابی سے اجرا کیا گیا، ایڈیشنل اے جی پے رول فائقہ خورشید نے کہا ہے کہ ’’سہل‘‘ پروگرام کے تحت پہلا ٹریننگ سیشن کامیابی سے لاہور میں مکمل ہوا۔
انہوں نے کہا دوسرے مرحلے میں آن لائن بلنگ سلوشن کا دائرہ کار پنجاب کے باقی ضلعوں میں بڑھایا جائے گا، لاہور میں OLBS پر کامیابی سے منتقلی کرنے والے محکموں میں ہوم ڈیپارٹمنٹ، سروسز و جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (S&GAD)، فنانس ڈیپارٹمنٹ، ڈی آئی جی آپریشنز اور آئی جی آفس لاہور شامل ہیں۔
فائقہ خورشید کا مزید کہنا تھا کہ اے جی پنجاب نعمانہ گل رخ فرید کی ہدایات پر OLBS کے ذریعے ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیز کر دیا گیا ہے، ’’سہل‘‘ پروگرام کےاجرا سے عوامی مالیات میں شفافیت اور کارکردگی میں بہتری آئے گی۔