معاشی استحکام حاصل کرلیا، نظام کی درستگی کا عمل جاری ہے: وزیراعظم شہباز شریف

Published On 23 March,2025 01:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شبانہ روز محنت سے معاشی استحکام حاصل کرلیا ہے جبکہ ادارہ جاتی اصلاحات اور نظام کی درستگی کا عمل جاری ہے۔

اپنے ایک ویڈیو بیان میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج یوم پاکستان پر ہم قائداعظم اور علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، آج کے دن اپنے واضح نصب العین کا تعین کیا گیا، قرار داد پاکستان لازوال عہد کی تابندہ دستاویز ہے، آج پاکستان ایک خودمختارمملکت اور ہم آزاد قوم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شوق شہادت کےجذبے سے سرشار ہماری بہادرافواج پاکستان کی شان بڑھارہے ہیں، دہشتگردی کی جنگ میں مسلح افواج،رینجرز، پولیس اورسکیورٹی ادارے بہادری کا مظاہرہ پیش کررہے ہیں، پیشہ وارانہ لیاقت کی حامل ہماری افواج شوق شہادت کے جذبے سے سرشارہیں۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھاکہ پاکستا ن کے قابل شہری ہر شعبہ زندگی میں اپنی محنت سے نئےجہان آباد کررہے ہیں، پارلیمان،عدلیہ اورانتظامیہ اپنے آئینی امور کی انجام دہی میں مصروف عمل ہیں ، عہد کریں ہم اسی جذبے سے محنت کریں گے، دیانت، لگن اور مسلسل محنت سے پاکستان کو ترقی یافتہ عظیم فلاحی مملکت بنائیں گے۔