اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم میاں شہباز شریف اپنا 4 روزہ دورہ سعودی عرب مکمل کرکے واپس اسلام آباد پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف خصوصی طیارے کے ذریعے وطن واپس پہنچے، انہوں نے 19 سے 22 مارچ تک سعودی عرب کا سرکاری دورہ کیا۔
جدہ سے روانہ ہونے سے پہلے وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری وفد میں شامل عہدیداروں کے ہمراہ عمرہ ادا کیا، عمرے کی ادائیگی کے دوران وزیراعظم نے خانہ کعبہ میں نوافل ادا کیے اور ملک و قوم اور امت مسلمہ کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، نیشنل کوآرڈینیٹر ایس آئی ایف سی لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد بھی سعودی عرب میں موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کا دورہ مکمل کر کے جدہ سے اسلام آباد روانہ ہوئے، گورنر جدہ شہزادہ سعود بن عبد اللہ بن جلاوی نے وزیراعظم کو ایئرپورٹ پر رخصت کیا۔