غیرقانونی مقیم غیر ملکیوں کے ساتھ ناروا سلوک کے دعوے غلط ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

Published On 19 February,2025 06:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ غیرقانونی مقیم غیر ملکیوں کے ساتھ ناروا سلوک کے دعوے غلط ہیں۔

افغان ناظم الامور کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے منصوبے پر افغان ناظم الامور کے ریمارکس کو نوٹ کیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کئی دہائیوں سے لاکھوں افغانوں کی عزت اور وقار کے ساتھ میزبانی کی ہے، بہت کم عالمی تعاون کے باوجود تعلیم اور صحت کے شعبوں میں خدمات فراہم کیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 2023 میں مناسب طریقہ کار وضع کیا کہ واپسی کے عمل میں کسی کے ساتھ بدسلوکی نہ ہو، ہم نے افغان شہریوں کی آسانی سے وطن واپسی کو یقینی بنانے کیلئے افغان فریق کو بھی بڑے پیمانے پر شامل کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ عبوری افغان حکام سے توقع کرتے ہیں کہ وہ افغانستان میں سازگار حالات پیدا کریں گے، افغان حکام کا اصل امتحان اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ان لوگوں کے حقوق افغانستان میں محفوظ ہیں۔