عمران خان کی بیٹوں سے بات کرانے کا کیس، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کل عدالت طلب

Published On 27 January,2025 11:20 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بیٹوں سے بات کرانے اور جیل میں سہولتوں کیلئے درخواست پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو کل طلب کر لیا۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بیٹوں سے بات کرانے،ذ اتی معالج سے معائنہ اور جیل سہولیات کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے کی، عدالت نے کیس میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو کل طلب کر لیا۔

دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل فیصل فرید اور جیل حکام عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ آخری سماعت میں جیل حکام سے فون کالز اور ملاقات سے متعلق رولز کا پوچھا تھا جس پر جیل حکام نے جواب دیا کہ فون کال 13 جنوری کو ہوئی تھی۔

چیف جسٹس نے پوچھا کہ ہر بار فون کال کے لیے درخواست تو نہیں دینا ہو گی؟ جس پر جیل حکام نے بتایا کہ واٹس ایپ کال رولز میں نہیں ہے لیکن عدالتی حکم پر کروائی گئی، سزا سنائے جانے کے بعد بشریٰ بی بی کی 2 بار ملاقات کرائی گئی، 17،20 اور 23 جنوری کو ٹرائل کےدوران بھی ملاقات ہوئی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ دوران سماعت ملاقات نہیں ہے اسی لیے کہا تھا رپورٹ دیں، اگر ایسا ہی جواب دینا تھا تو میں سپرنٹنڈنٹ کو بلا لیتا ہوں۔

بعد ازاں عدالت نے تفصیلی جواب کے ساتھ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا اور جیل حکام کو ہدایت دی کہ سپرنٹنڈنٹ جیل 23 جنوری کا عدالتی آرڈر پڑھ کر آئیں، ساتھ ہی عدالت نے سماعت کل تک کے لیے ملتوی کر دی۔