لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینے کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے انٹرنیشنل لائرز ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ الیکشن کمیشن سمیت کسی فریق نے جواب داخل نہیں کرایا۔
عدالت نے فریقین کو جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت فروری کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کر دی، عدالت نے درخواست پر وفاقی حکومت سمیت فریقین سے جواب طلب کر رکھا تھا۔
درخواست میں موقف تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی دنیا بھر میں تقریباً تعداد ایک کروڑ ہے، سمندر پار پاکستانی سالانہ اربوں ڈالر کا زرمبادلہ بھجواتے ہیں، دنیا بھر میں اوورسیز پاکستان کا مثبت چہرہ ہیں اس لئے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینا بنیادی حقوق کے خلاف ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت حکومت پاکستان کو اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے قانون سازی کا حکم دے۔