کراچی: (دنیا نویز) پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے جہازوں نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کر کے ایف 5 سبحان اللہ بی 21347 سے عملے کے 19 ارکان کو ریسکیو کر لیا۔
صبح 10 بج کر 15 منٹ پر پاکستان نیوی کے سٹیشن نتھیا گلی (کراچی) نے ہیڈ کوارٹرز پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی میں الرٹ جاری کیا۔
میری ٹائم ریسکیو کوآرڈی نیشن سینٹر کو کراچی فیئر وے کے مغرب میں 30 ناٹیکل میل کے فاصلے پر فشنگ ویسل سبحان اللہ اور عملے کے 19 ارکان کے ساتھ پانی بھر جانے کی وجہ سے ڈوبنے کے بارے میں بتایا گیا۔
گشت پر مامور پی ایم ایس اے کے بحری جہازوں کو پھنسے ہوئے ماہی گیروں کی تلاش اور بچاؤ کا کام سونپا گیا، 12 بج کر 20 منٹ پر ایف5 کو تلاش کر لیا گیا، ایف 5 کے عملے کے تمام 19 اراکین کو پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے جہاز پی ایم ایس ایس دشت پر منتقل کر دیا گیا۔
منتقل کئے گئے عملے کیلئے ابتدائی طبی امداد اور دیگر ضروریات کا انتظام کیا گیا، ایف 5 سبحان اللہ کے عملے کے تمام 19 ارکان کو پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے جہاز پی ایم ایس ایس رفاقت پر کراچی بندرگاہ واپس لایا گیا۔
یہ آپریشن ایک بار پھر پاکستان کے سمندری علاقوں میں ماہی گیروں کی برادری کے تحفظ کے لیے پی ایم ایس اے کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔