سکیورٹی فورسز کی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 4 دہشتگرد ہلاک

Published On 22 November,2024 02:44 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 3 کارروائیوں کے دوران 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20 اور 22 نومبر کے درمیان سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آپریشنز کیے، آپریشن کے دوران ضلع آواران میں فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے ، دہشت گردوں میں دو ہائی ویلیو ٹارگٹ نیاز عرف گھمن اور ظریف عرف شاہ جہاں شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ ضلع ڈیرہ بگٹی اور ضلع کیچ میں بھی ایک، ایک دہشتگرد مارا گیا، دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں امن اور ترقی کے خلاف سازشیں ناکام بنانے کا عزم کررکھا ہے۔

صدر اور وزیراعظم کا دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں مختلف کارروائیوں کے دوران 4 دہشتگردوں کو بہادری سے جہنم واصل کیا، دہشتگردوں کو بلوچستان کا امن و امان خراب کرنے، ترقی کا سفر متاثر کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سکیورٹی فورسز کا بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ، 3 خوارج ہلاک، دو زخمی

انہوں نے مزید کہا کہ ملک دشمن عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، دہشت گردی کے خلاف فورسز کی کارروائیاں لائقِ تحسین ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے نڈر نوجوانوں نے آواران، ڈیرہ بگٹی اور کیچ کے اضلاع میں 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، آواران میں 3 انتہائی مطلوب دہشتگردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا گیا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ قوم کو سکیورٹی فورسز کے جوانوں پر فخر ہے، انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے، حکومت ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے متحرک ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز بلوچستان میں قیام امن کیلئے پر عزم ہیں، 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہیں، بلوچستان میں امن کا قیام ہماری ترجیح ہے، سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں امن کے لئے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے، قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔