راولپنڈی: (دنیانیوز) 190ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے ۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت ہوئی ، بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی آج بھی عدالت پیش نہ ہوئیں ، بشریٰ بی بی کی جانب سے طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کردی گئی۔
عدالت نے مسلسل عدم حاضری کی بناء پر بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے جبکہ ریفرنس پر سماعت 26نومبر تک ملتوی کردی گئی ۔
بشریٰ بی بی 190 ملین پاونڈ ریفرنس کی 8 سماعتوں میں مسلسل غیر حاضر ہیں۔
گزشتہ سماعت کے دوران احتساب عدالت اسلام آباد نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں طبی بنیادوں پر سابق خاتون اول کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں :توشہ خانہ ٹو کیس : بشریٰ بی بی کی ضمانت منسوخی کیلئے درخواست دائر
دوسری جانب توشہ خانہ ٹو کیس میں اہم پیش رفت، بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی کی ضمانت منسوخی کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائرکردی گئی ۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) نے بشریٰ بی بی کی مسلسل عدم پیشی پر ضمانت منسوخ کرنے کی استدعا کی ہے ، درخواست میں کہا گیا کہ عدالت نے آرڈر میں لکھا کہ بشری بی بی ضمانت کا غلط استعمال نہیں کریں گی ، بشریٰ بی بی ضمانت ملنے کے بعد اکثر سماعتوں میں پیش نہیں ہو رہیں ، عدالت سے استدعا ہے کہ بشری بی بی کی ضمانت منسوخ کی جائے ۔