اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 پاؤنڈز کیس میں ٹرائل کورٹ کو حتمی فیصلہ سنانے سے ایک بار پھر روک دیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر سماعت کی، بانی پی ٹی آئی کے وکیل عثمان ریاض گل اور پراسیکیوٹر امجد پرویز عدالت میں پیش ہوئے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ ایک ہی ریفرنس ہے؟ جس پر پراسیکیوٹر امجد پرویز نے کہا کہ ریفرنس ایک ہی ہے دونوں ملزمان کو سزائیں الگ ہوئی ہیں۔
چیف جسٹس نے امجد پرویز سے استفسار کیا کہ ٹرائل کہاں تک پہنچا ہے؟ امجد پرویز نے جواب دیا کہ جرح ہو رہی ہے، 20، 25 تاریخوں سے یہ تفتیشی افسر پر جرح کر رہے ہیں، 190 ملین پاؤنڈ کیس کا ٹرائل آخری مراحل میں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: توشہ خانہ کیس ٹو: عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی
عثمان گل کا کہنا تھا کہ کل بشری بی بی کی طبعیت ٹھیک نہیں تھی اس لیے وہ ٹرائل میں نہیں گئیں جس پر عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ غیر ضروری التوا نہ کریں باقی انہوں نے جرح کرنی ہے کب مکمل کرتے ہیں ان پر ہے۔
عمران خان کے وکیل نے کہا کہ اس کیس کے آخری گواہ پر جرح ہو رہی ہے، اگر ٹرائل مکمل ہو جائے تو ہم ٹیکنیکلی ناک آؤٹ ہو جائیں گے۔
بعد ازاں، عدالت نے کیس کی سماعت 10 دن کے لیے ملتوی کردی جب کہ ٹرائل کورٹ کو حتمی فیصلہ سنانے سے روکنے کا حکم برقرار رکھا ہے۔