پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں، اختلاف رائے ضرور ہے: بیرسٹر گوہر

Published On 29 October,2024 11:58 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں، اختلاف کوئی نہیں، اختلاف رائے ضرور ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف جمہوری جماعت ہے، پی ٹی آئی میں ورکرز اور لیڈرشپ کی ایک جیسی حیثیت ہے، ہماری جماعت میں لیڈرشپ اور ورکرز کی ہر بات کو سنا جاتا ہے، ہم لوگوں پر بات کرنے کی پابندی نہیں لگاتے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے معاملات پارٹی کے اندر حل ہونے چاہئیں، اختلاف کوئی نہیں،اختلاف رائے ضرور ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں، ہم سب بانی پی ٹی آئی کی قیادت میں متحد ہیں، فواد چودھری کی پارٹی میں واپسی کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کریں گے۔

بیرسٹر گوہر کی عبوری ضمانت میں توسیع
دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔

انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سپریم کورٹ کے باہر پی ٹی آئی وکلاء کی جانب سے احتجاج پر درج مقدمے میں درخواست ضمانت کی سماعت کی، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اپنے وکلاء آمنہ علی، زاہد بشیر ڈار، مرتضیٰ طوری کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔

عدالت نے بیرسٹر گوہر کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت 21 نومبر تک ملتوی کر دی۔