اسلام آباد:(دنیا نیوز) چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے سپریم کورٹ کی تمام عدالتوں کو لائیو سٹریمنگ سروس فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
سپریم کورٹ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس محمد علی مظہر کو ٹاسک دے دیا، منصوبے کے تحت سپریم کورٹ کی تمام کورٹ رومز میں لائیو سٹریمنگ سروس فراہم کی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے تمام کورٹ رومز میں لائیو سٹریمنگ کی سروس چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی خصوصی ہدایات پر کی جا رہی ہے،لائیو سٹریمنگ کی سروس سائلین کی رضامندی کے ساتھ مشروط ہوگی، کسی خاتون سائل کی رضامندی کے تحت کیس کی سماعت میں رازداری برتی جائے گی۔
سپریم کورٹ ذرائع کا کہنا تھا کہ لائیو سٹریمنگ کی سروس کے تحت عدالت کی کارروائی تک دنیا بھر سے رسائی حاصل ہوگی،اس سروس کے ذریعے اوورسیز پاکستانی سائلین بھی اپنے مقدمات کی سماعت براہِ راست دیکھ سکیں گے۔
دوسری جانب لائیو سٹریمنگ سروس کے لیے مطلوبہ کیمرے سمیت دیگر آلات کی خریداری کے لیے جائزہ لیا جا رہا ہے، نامزد کمیٹی پروپوزل تیار کر کے حتمی منظوری کے لیے چیف جسٹس پاکستان کو بھجوائے گی۔
خیال رہے اس وقت سپریم کورٹ کے صرف کمرہ عدالت نمبر ایک میں لائیو سٹریمنگ سروس فراہم کی جارہی ہے۔