علی امین گنڈا پور کو 14 نومبر تک کسی بھی مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم

Published On 22 October,2024 12:47 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو 14 نومبر تک کسی بھی مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔

پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس صاحبزادہ اسداللہ نے علی امین گنڈا پور کی حفاظتی ضمانت کیلئے درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے وزیراعلیٰ کے پی کو 14 نومبر تک کسی بھی مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیتے کہا کہ 14 دن میں آپ مقدمات کی تفصیل فراہم کریں اور جتنے مقدمات درج ہیں ان کی تفصیل فراہم کریں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے عدالت میں کہا کہ میرے خلاف پنجاب کے مختلف اضلاع میں مقدمات درج کئے گئے، جس پر جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے ریمارکس دیئے کہ یہ تو ہر کسی کا حق ہے کہ ان کو مقدمات کی تفصیل فراہم کی جائے۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہم وفاقی حکومت کے مقدمات کی تفصیل دیں گے جبکہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ پنجاب سے تفصیل نہیں مانگ سکتے، وفاقی حکومت سے مانگ سکتے ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے درخواست پر سماعت 14 نومبر تک ملتوی کر دی۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پشاور ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائرکی تھی، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ درخواست گزار صوبے کا وزیراعلیٰ ہے اور ان کے خلاف اسلام آباد اور پنجاب میں مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف مقدمات درج ہیں لیکن ان کی تفصیلات ہمارے پاس موجود نہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔